9 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیا ہ باب بن چکاہے، نواب سلمان خان خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلو چستان کے نائب صدر نواب سلمان خان خلجی نے کہا ہے کہ9مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیا ہ باب بن چکاہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کبھی کسی ادارے کو نشانے بنا نے کی کوشش نہیں کی، کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے میں کوئی سر کا ری شخص ملوث نہیں تھا، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنا ہوگا، فوج اور حساس اداروں پر حملہ کر نا کہاں کی سیا ست ہے؟۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیا ہ باب بن چکاہے جس کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم شرم سارہے جہاں وطن سے محبت رکھنے والے رنجیدہ ہیں وہی پاکستانی دشمن ممالک خوشیاں منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران شہداء کی یاد گار کی تذلیل کی گئی وہ ملک کے دشمن ہی کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے یا پھر کسی کے بھی شہداء کی یاد گاروں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری درعمل آنے میں کوئی تعجب نہیں ہے اور جن کے کہنے پر یہ تمام شرانگیز ی کی گئی آج وہی قوتیں انہیں پہنچانے سے انکار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ہر سیا سی تبدیلی پر نظر رکھتی ہے اور ایک مہذب انداز کی سیاست یر یقین رکھتی ہے 9مئی کے واقعے کے بعد سازشی ٹولے نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے خلاف سازش تیارکی تھی جس کو ناکام بنا نے پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کے واقعے کے بعد گرفتاریوں کا عمل جا ری ہے جس میں خواتین اور نوجوانوں کو دیکھ کر دکھ اور افسوس ہو رہا ہے،چیف آف آرمی اسٹاف، وزیر اعظم پاکستان، وزیر داخلہ سے مطالبہ ہے کہ بے گناہ افراد کے ساتھ رعایت بر تی جا ئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میا ں محمد شہباز ز شریف، رکن قومی اسمبلی سر دار اخترمینگل، مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی قوم کی بیٹیوں اور بہنوں کے سرپر چادر رکھنے والے ہیں نہ کے خواتین کے سر سے ڈوپٹہ اتار کر اپنے سیا سی مفادات کے لئے انہیں استعمال کر نے والے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) غریب عوام کے مسائل کو حل کر نے والی جماعت ہے جس نے کبھی کسی ادارے کو نشانے بنا نے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کبھی فوج اور حساس اداروں پر حملہ کیا ہے۔ ایک سو ال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ قوم اور سیا سی جماعتوں کے کسی ایک شخص کے ساتھ اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن اداروں کے ساتھ اختلافات نہیں ہو سکتے،فوج پر حملہ کر نا کہاں کی سیا ست ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے