بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن نوکریاں سرعام فروخت ہورہی ہیں جس سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے اب وقت آگیاہے کہ نوجوانون اور عوام اپنے حقوق کیلئے باہر نکلیں اور ارکان پارلیمنٹ کا احتساب کریں بصورت دیگر ہمیں آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ یہ بات انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بلوچستان کے صدر ملک عمران کاکڑکی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے ذمہ داران کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ملاقات کے دوران 26مئی کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ اسوقت مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور حکمران اوراپوزیشن جماعتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں لگے ہوئے ہیں اورعوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اوردیگرشہرکھنڈرات کا منظرپیش کر رہے ہیں صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں کے فنڈز خوردبرد کی نظر ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں اورعوام کواپنے حقوق کیلئے اب سڑکوں پرنکلنا ہوگا بصورت دیگر آنے والی نسلیں ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے اور متحدہ قومی موومنٹ کے ذیراہتمام 26مئی کو مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گایہ احتجاجی مظاہرہ کسی کے حق یا مخالفت میں نہیں ہے بلکہ عوام کے حقوق کیلئے ہیں ہم احتجاج کی آڑ میں اپنے مفادات حاصل کرنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مظاہرے میں شرکت کیلئے تاجر تنظیموں، کوئٹہ ڈؤیلپمنٹ محاذ،رکشہ یونین، پراپرٹی ایسوسی ایشن،سول سوسائٹی سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اگر مظاہرے کے باوجود عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے تو پھر اس سے بھی سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے