عسکری اور سیاسی قیادت کا ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اداروں کے خلاف بیرونی اور اندرونی پروپیگنڈہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ فوج کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈہ مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان ربط کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

اجلاس میں سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فورم کی جانب سے 9 مئی کے ذمہ داروں سے نمٹنےسے متعلق افواج پاکستان کے موقف کی تائید کی گئی قومی سلامتی کمیٹی نے ملک میں انتشار پھیلانے کو سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنی میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق فورم نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں شہداء کی تذلیل اور مجسموں کی بےحرمتی پر اظہار افسوس بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ایک سیاسی جماعت کے موقف کو دشمنوں کی زبان قرار دیا گیا۔ فورم نے ملک کے تمام ستونوں کیساتھ مل کر مشکلات کا راستہ تلاش کرنے پر زور دیا جبکہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے