پنجاب حکومت کے الٹی میٹم ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی

پنجاب (ڈیلی گرین گوادر)پنجاب حکومت کی طرف سے زمان پارک لاہور میں دہشت گردوں کی موجودگی اور الٹی میٹم ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے۔ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائشگاہ زمان پارک آنے والے رستوں کو پولیس کی جانب سے بند کردیا گیا ہے۔ زمان پارک آنے والے راستوں پر کسی موٹر سائیکل اور گاڑی کو آنے کی اجازت نہیں۔ مال روڈ اور دھرم پورہ کے درمیان کینال روڈ پر پولیس کی نفری موجود ہے۔

خیال رہے کہ نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کی جانب سے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، وہ ہمارے حوالے کیے جائیں۔عامر میر نے خبردار کیا تھا کہ پی ٹی آئی 24 گھنٹوں میں دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کردے۔ ان دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے نہ کیا گیا تو وہی ہوگا جو قانون کہتا ہے۔ جیو فینسنگ سے زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری طرف عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز اپنے خطاب میں پولیس کو دعوت دی گئی تھی کہ زبردستی گھسنے اور افراتفری پھیلانے کے بجائے باقاعدہ سرچ وارنٹس کے ساتھ آکر ان دہشتگردوں کو جو یہاں چھپے ہوئے ہیں، گرفتار کرلیں۔یہ بھی ذہن میں رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ میری دوبارہ گرفتاری سے قبل یہ آخری ٹویٹ ہے، پولیس نے میری رہائشگاہ کا محاصرہ کرلیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے