وزیراعلیٰ بلو چستان سے وزیر خارجہ کی ملاقات، ملک کی سیاسی صورتحال اوربلوچستان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل پر تبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر اور وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات،ملک کی سیاسی صورتحال اوربلوچستان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعرات کو بلو چستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر اور وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال،ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ملک میں سیاسی کشیدگی میں اضافے اور جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست کی مذمت اورقوم کی جانب سے منفی سیاست کو مسترد کرکے پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں پر بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وفاق کے عملی تعاون کے بغیر ممکن نہیں بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے فنڈز میں بھی کمی کا سامنا ہے پی پی ایل کی جانب سے بلوچستان کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی احساس محرومی کے شکار چھوٹے صوبوں کو اہمیت دیتی ہے بلوچستان کے مالی مسائل کے لئے وزیراعظم اور متعلقہ وفاقی وزراء سے بات کرونگا۔