سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جانا چاہئے توڑ پھوڑ اور تشدد کوئی اچھا عمل نہیں ہے، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جانا چاہئے توڑ پھوڑ اور تشدد کوئی اچھا عمل نہیں سیاست میں صبرو تحمل اور برداشت بنیادی نقطہ ہے جیسے بھی حالات ہوں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور بقاء کیلئے تمام جمہوری سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا جو کہ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہی۔ سابق صوبائی وزیر اور (ن)لیگ بلوچستان کے صدر شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ ملکی سیاست جس طرف رواں دواں ہے اس سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتاہے، سیاست روا داری اور عوام کو ساتھ لیکر چلنے کا نام ہے جوکہ صبرو تحمل اور برداشت کا درس دیتی ہے لہذا موجودہ صورتحال میں تحریک انصاف کی قیادت کو قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ توڑ پھوڑ اور تشدد کی سیاست کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ ایسے عمل سے جمہوریت اور جمہوری اداروں سمیت ملک کو شدید نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پر تشدد مظاہرے مسائل کا حل نہیں بلکہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کرنا ہی دانشمندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک تعلق ملک میں انتخابات کے انعقاد ہے تو ملک کے موجودہ حالات ایسے نہیں کہ فوری طور پر ملک میں انتخابات کرائے جائیں اگر اس میں کوئی وقت لگ بھی جاتا ہے تو یہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج اور گرفتاریاں سیاست کا حصہ ہیں اور سیاستدان کا دوسر ا گھر جیل ہوتا ہے جس سے گھبرانا نہیں چاہئے ملکی تاریخ میں سیاسی ورکرز اور رہنماؤں کا جیلوں میں آنا جانا لگا رہا ہے یہ کوئی ایسی حیرانی اور پریشانی کی بات نہیں ہے لیکن ملکی اثاثوں اور املاک کو نقصان پہنچا کر اپنا پر تشدد احتجاج ریکارڈ کرانے والوں کو سوچنا چاہئے کہ وہ کس کا نقصان کررہے ہیں یہ اثاثے اور املاک کس کی ہیں؟ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ صبرو تحمل سے کام لیا جائے اور پر تشدد احتجاج سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں بلوچستان کی سیاست میں ن لیگ کا اہم کردار ہوگا پارٹی کو صوبے میں فعال اور منظم کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ہم صوبے کے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
٭٭٭٭
٭٭٭٭