خواتین کو معاشی ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے حکومتی اور غیر سرکاری فلاحی اداروں کی کوششوں کا تسلسل جاری ہے اس سلسلے میں وزرات سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلوچستان نے ایک وسیع المدتی منصوبے کے پہلے مرحلے میں 180 بچیوں کو آئی ٹی میں انٹرپینور کی تربیت کے مواقع فراہم کئے ہیں جس کی بدولت یہ بچیاں گھر بیٹھے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مناسب کاروبار کی شروعات کرسکیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام اور رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے اشتراک سے بلوچستان وویمن لیڈرز کنوینشن رپورٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں سید سکندر شاہ، ممتاز سماجی شخصیت روشن خورشید بروچہ، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر طاہر رشید، رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کی چیف ایگزیکٹو افسر شاندانہ خان اور اندرون بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین کے گروپس بھی موجود تھے جنہوں نے مالی معاونت سے مقامی سطح پر شروع کئے گئے کاروباری تجربات سے متعلق تبادلہ خیال کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ضلع کی روایات و ثقافت رسم و رواج الگ الگ ہیں اس لیے کسی بھی روایتی کاروباری طریقہ ترویج کا یکساں نفاذ ممکن نہیں اس لیے ضروری ہے کہ ہر ضلع اور علاقہ کے حالات کے مطابق ایسی حکمت عملی مرتب کی جائے جس سے مقامی خواتین بہتر طور پر استفادہ کرسکیں انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر بااختیار خواتین ہی بہتر فیصلہ ساز ثابت ہوسکتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ خواتین کو معاشی ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کم عمری کی شادی کی روک تھام سمیت خواتین کی اجتماعی بہبود اور ان کے حقوق کے لیے ماضی کی نسبت زیادہ قانون سازی ہوئی ہے ہماری کوشش ہے کہ مفاد عامہ سے متعلق زیر التواء تمام مسودہ جات کو نہ صرف جلد از جلد نمٹایا جائے بلکہ رائج الوقت قوانین کے موثر نفاذ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان بکھری آبادی پر مشتمل ایک وسیع و عریض صوبہ ہے جہاں خواتین کی معاشی ترقی کے لئے غیر سرکاری تنظیموں کی معاونت سے جاری کاروباری منصوبے خواتین کے مالی و معاشی استحکام کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت ہے صوبائی حکومت ایسے تمام اداروں کی سرپرستی و ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی جو کار خیر میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں گے پروگرام کے اختتام پر کامیاب کاروباری خواتین گروپس کو ایوارڈ دئیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے