بلوچستان کے مسائل سیاسی ہیں ان کا حل سیاسی ہوسکتا ہے، جان محمد بلیدی

تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ کی سربراہی میں دونوں سیاسی جماعتوں کی اہم نشست جان محمد بلیدی کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کی قیادت نے بلوچستان کے سیاسی مسائل پر مشترکہ و متفقہ سیاسی موقف اختیار کرنے اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسائل سیاسی ہیں ان کا حل سیاسی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے انتخابی عمل میں بے جاہ مداخلت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک بار پھر بلوچستان میں سیاسی انجینئرنگ کی کوششیں شروع کردی گئی ہے گزشتہ عام انتخابات میں پورے ملک خصوصی بلوچستان میں انتخابی و سیاسی عمل میں مداخلت کرتے ہوئے جو نتائج حاصل کئے گئے ان کی وجہ سے آج پورا بلوچستان شدید انتظامی، سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے بلوچستان میں حکومت نام کی شے سرے سے وجود نہیں رکھتی ہے۔ لیکن ایک بار پھر سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی سازشیں کی جارہی ہیں اب یہ مداخلت جنرل الیکشن سے بلدیاتی انتخابات کے عمل تک تجاوز کردیا ہے۔ بلوچستان اس وقت آگ و خون میں لت پت ہے امن و امان ناپید ہو گیا ہے روزانہ نوجوان و سیاسی کارکن لاپتہ کئے جارہے ہیں ایسی صورتحال میں جمہوری و سیاسی عمل پر قدغن جلتی پر تیل کا کام کررہی ہے لوگوں سے ان کا سیاسی اختیار چھینے کی سازش کو بلوچستان کی قوم پرست سیاسی قیادت کسی طور پر بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ موقف و حکمت عملی کے حوالے سے جاری عمل کو مثبت قرار دیتے ہوئے جاری رکھنے پر زور دیا۔ اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ، مشکور انور، محمد جان دشتی، فدا جان بلیدی، بوھیر صالح بلوچ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کیچ کے صدر میجر جمیل احمد دشتی، مرکزی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر واجہ قاسم دشتی، مرکزی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر واجہ حمل بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری نصیر احمد گچکی، ضلعی سنئیر نائب صدر واجہ شے نزیر احمد، نائب صدر حاجی عزیز، عبدالواحد بلیدئی، واجہ سیدجان گچکی، ملاعبدالحمید اس موقع پر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے