وزیراعلیٰ بلوچستان نے پروکیورمنٹ جائزہ کمیٹی کی بحالی اوربلوچستان وومین ڈویلپمنٹ سیکٹر پلان 2022-27 کی منظوری دے دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ رولز 2014، کے رول 56-A کے تحت پروکیورمنٹ جائزہ کمیٹی کی بحالی اور بلوچستان وومین ڈویلپمنٹ سیکٹر پلان 2022-27کی منظوری دے دی۔ گزشتہ شب وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کے اہم فیصلے کئے گئے۔ جس میں کابینہ نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی سے متعلق سرچ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی ان یونیورسٹیوں میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل سائینسز،خضدار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور لورالائی یونیورسٹی شامل ہیں۔اجلاس میں کابینہ نے آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی نامزدگی کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی جبکہ میر چاکر یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر کی نامزدگی کامعاملہ دوبارہ سے سرچ کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے بلوچستان چائلڈ ریسٹرینٹ بل 2023 کی منظوری دے دی جس میں اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی شادیوں کی ممانعت ہوگی۔کابینہ نے جیڈا کے 37کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی،بلوچستان کی پہلی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز SME ڈویلپمنٹ حکمت عملی،آواران میں جی او آر کالونی کی تعمیر سے متعلق تخمینہ لاگت کو بڑھانے،کڈنی سینٹر کوئٹہ کے لئے نئے ترقیاتی منصوبوں کے نظر ثانی شدہ پی سی ون کی بھی منظوری دے دی۔ صوبائی کا بینہ نے دور رویہ مشرقی بائی پاس کوئٹہ کے ترقیاتی منصوبے کے ترمیم شدہ پی سی ون کو منظور کر لیا،کا بینہ نے 18 ویں ترمیم کے تحت پی ایم ڈی سی کو دی گئی لیز ز کو واپس لینے،بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے ایکٹ پانچ میں نئے سیکشن 24 اے کو اوربلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائر یکٹرز کی تشکیل کی منظوری دے دی۔