عمران خان نے اپنے ورکرز کی غلط اور پرتشدد سیاسی تربیت کر کے اس ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، سردار کمال خان بنگلزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور اقوام بنگلزئی کے سربراہ سابق ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی لیڈر کا فرض ہوتا ہے کہ اپنے ورکرز کی بہترین سیاسی تربیت کرے مگر جس طرح کی تربیت عمران خان نے اپنے ورکرز کی کی اس سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت ہی کم عرصہ میں عمران خان اور اس کے غیر سیاسی معتقدین نے اپنے ہی ملک میں بہت ہی منفی سیاست کو عروج پر پہنچایا تخریب کارانہ سرگرمیوں سے سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا اور اپنے افواج کے خلاف لوگوں کو اْکسایا اور ایک انتہائی نامور ادارے کی ساکھ کو بری طرح مجروح کیا۔ عمران خان کے دور اقتدار میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے جس سے آج عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہے۔ اسی معاشی بدحالی کی وجہ سے ملک میں بد امنی، بے چینی اور افراتفری کا ماحول ہے۔ آج پاکستان کے حالات کو دیکھ کر اس کے گہرے دوست ممالک بھی مدد کرنے سے گریزاں ہیں اور یہ ایک انتہائی تشویشناک بات ہے۔ عمران خان کو واقعی اگر اس ملک سے محبت ہے تو نفرت اور شرپسندی کی سیاست چھوڑ کر اپنے ورکرز کی سیاسی و اخلاقی تربیت کرے اور سیاسی حکمت عملی اپنا کر اس ملک کی خدمت کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے