پاک فوج ہمارا مان ہے اور وطن کی سلامتی کا ضامن ادارہ ہے، میر علی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) ممتاز قبائلی و سماجی شخصیت اورپاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری کی قیادت میں پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لئے ایک شاندار ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کامیاب ریلی کا سہرہ یقینی طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر علی حسن زہری کو جاتا ہے۔ اس موقع پر میر علی حسن زہری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمارا مان ہے اور وطن کی سلامتی کا ضامن ادارہ ہے۔ حب و لسبیلہ سمیت ملک بھر کے محب وطن شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 9 مئی کو ایک شدت پسند پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کی جانب سے بدنظمی اور شر انگیزی کے مظاہرے سامنے آئے ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔آئین اور قانون کے مطابق کسی شہری کو فتنہ و فساد اورانتشار پھیلانے کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی طبقے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ جلاؤ گھیراؤ یا املاک کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ریاستی اور حکومتی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا اور غیر سیاسی رویوں کا اظہار ہواوہ ہر طرح سے انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں ان کیخلاف ہرزہ سرا ئی ناقابلِ قبول ہے۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا ایک بزدل شخص مقدمات میں نامزد ہونے پر اپنا دماغ کھو بیٹھا ہے اور گرفتاری سے بچنے کے لئے پاک فوج جیسے محب وطن ادارے پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک کو بے پناہ نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان اور اس کے حواریوں نے اعلیٰ سرکاری عمارتو ں اور اثاثوں کو نقصان پہنچایا اور جلاؤ گھیراؤ کیا جس سے بہت سی قیمتی جانیں جانے کے ساتھ ساتھ سرکاری و نجی املاک کوبھی شدید نقصان پہنچا۔ ہم اس رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والوں سمیت انتشار پھیلانے کے لئے اکسانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمات چلا کر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کا سوچے بھی نہیں۔ میر علی حسن زہری نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ مقدمات سے بچنے کے لئے پاک فوج کے خلاف الزامات انتہائی سنگین جرم ہے اور جو لوگ بلا جواز اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ پاک فوج پاکستان کی سالمیت کی مسلمہ حقیقت ہے اور اس ادارے کی پاک وطن سے محبت اور جذبہ قربانی کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج مخالف منفی اور غلیظ مہم جوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔منفی سوچ کے حامل ایک ٹولہ کی جانب سے قومی اداروں خاص کر پاک فوج کے خلاف من گھڑت کہانیاں گھڑنا ملک دشمنی ہے جس کا مقصد عوام میں پاک افواج کا امیج خراب کرنا ہے جسے محب وطن پاکستانی عوام یکسرمسترد کر چکی ہے اور اس مکروہ مہم جوئی کوکسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بہ آواز بلند پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑارہنے کا عزم کیا اور اعادہ کیا اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جس کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کرہمارے پیارے وطن کی حفاظت کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے