عازمین کیلئے بڑی رعایت، اس سال حج پیکج میں قربانی کی رقم بھی شامل

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)حکومت نے عازمین حج کے لیے ایک بڑی رعایت کا اعلان کیا ہے اور اس سال اصل حج پیکیج میں جانوروں کی قربانی کی رقم بھی شامل ہے اس بات کا اعلان وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

اتوار کے پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وزارت قربانی کے اخراجات برداشت کرے گی اور یہ فیصلہ ان عازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو پہلے ہی ’تاریخ کے مہنگے ترین حج‘ کی ادائیگی کر رہے ہیں، ان کے مطابق عازمین کو سعودی عرب میں قربانی کے جانور کے لیے 57 ہزار روپے اضافی ادا نہیں کرنا ہوں گے۔اصل میں قربانی کے جانوروں کی قیمت حکومت کے زیر اہتمام اسکیم کے تحت پیکج میں شامل نہیں تھی اور عازمین کو یہ رقم الگ سے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی طلحہ محمود نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں لینے والے تقریباً 26ہزار عازمین کی امیگریشن پاکستان میں مکمل کی جائے گی۔

یہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سعودی حکام کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت کو لاہور، کراچی اور ملتان ایئرپورٹس تک توسیع دینے کا منصوبہ تھا لیکن وقت کی کمی کے باعث ایسا نہیں ہو سکا۔اس سال سرکاری اسکیم پر حج پر جانے والے عازمین کی تعداد نمایاں طور پر کم ہے جس کی وجہ سے حکومت کو قرعہ اندازی کے عمل بغیر تمام درخواست دہندگان کو حج پر بھیجنا پڑا۔

اس سال کا کوٹہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا، باقاعدہ اور اسپانسر شدہ۔ باقاعدہ اسکیم حاجیوں کے لیے تھی جو روپے میں رقم ادا کریں گے، اسپانسر شپ اسکیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے رشتہ داروں کے لیے تھی جو رقم امریکی ڈالر میں ادا کریں گے۔اس اسکیم کے تحت تقریباً 45ہزار نشستیں مختص کی گئی تھیں جو غیر ملکی زرمبادلہ کے کم ہوتے ذخائر کی روشنی میں متعارف کرائی گئی تھی، لیکن مذکورہ اسکیم اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہی کیونکہ درخواستوں کی تعداد کوٹے سے بہت کم تھی، دوسری جانب باقاعدہ اسکیم کے تحت تقریباً 44ہزار190 نشستوں کے لیے حکومت کو 72ہزار 869 درخواستیں موصول ہوئیں، اسپانسر شدہ اسکیم کے تحت دستیاب نشستوں کے ساتھ حکومت نے اسپانسر شدہ اسکیم کے کوٹے پر ریگولر حاجیوں کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے