بی این پی اپنے قومی راہنماؤں کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش اور نظر انداز نہیں کرتی، غلام نبی مری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری، جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، نائب صدر طاہر شاہوانی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، جوائنٹ سیکریٹری اسماعیل کرد، انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ، فنانس سیکریٹری میر اکرم بنگلزئی، لیبر سیکریٹری ملک عطا اللہ کاکڑ، خواتین سیکریٹری باجی منورہ سلطانہ سمالانی، کسان ماہیگیر سیکریٹری ملک ابراہیم شاہوانی، ہیومن رائٹس سیکریٹری پرنس رزاق بلوچ اور پروفیشنل سیکریٹری میر غلام مصطفی سمالانی نے اپنے مشترکہ بیان میں بی این پی کوئٹہ کے تمام یونٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، ضلعی کونسلران، پارٹی کارکنان، کوئٹہ و سریاب کے باشعور عوام کو پارٹی کے سرکردہ راہنما حاجی ولی محمد لہڑی مرحوم کے تعزیتی ریفرنس کے کامیاب جلسہ عام میں بھر پور شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اپنے راہنما کے جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے پر انہیں داد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی اپنے قومی راہنماؤں کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش اور نظر انداز نہیں کرتی بلکہ وہ قومی راہنماؤں کے سوچ و فکر، نظریات، ناقابل فراموش کردار، جدوجہد اور قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر قومی تحریک کو فروغ دینے کی خاطر کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتے۔ تعزیتی ریفرنس کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے پیشروؤں کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں۔ یہ اعزاز اور مقام بی این پی کو حاصل ہے کہ وہ اپنے راہنماؤں کے سیاسی کردار اور طرز زندگی کو اپنا کر کٹھن راستوں، مشکلات، جیل و زندان اور تکالیف کو برداشت کرتے ہوئے بلوچ قومی سوچ اور سرزمین کی دفاع سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹتے اور آخری فتح تک جدوجہد سے نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پارٹی کے کارکنان آنے والے دنوں میں بھی پارٹی کے سیاسی سرگرمیوں میں اسی طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ہمارے قومی جمہوری جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے اپنے تنظیمی وطنی اور قومی زمہ داریاں ایمانداری سے نبھاتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے