پنجاب میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و مان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیےصوبے میں فوج طلب کرلی۔ وفاقی حکومت نے منظوری دے دی۔پنجاب میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا ہے محکمہ داخلہ کے مطابق پاک فوج کی دس کمپنیوں کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، پاک فوج امن وامان قائم کرنےکے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرےگی اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرےگی۔وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا،ان کو اس کیس میں کم از کم 15 نوٹسز بھیجے گئے تھے، نیب اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی،وہ نیب کو مطلوب تھے، القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان نے جواب داخل کرنا تھا، وہ اس کیس میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ عمران خان گرفتار ہونے کے بعد جس طرح کا ردعمل آیا وہ پورے ملک نے دیکھا، پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دیتے رہے،انہوں نے کل جو کیا یہ عوامی ردعمل تھا؟ یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا،پی ٹی آئی کے لوگ آج کہتے ہیں کہ جو کل ہوا یہ ہم نے نہیں کیا،یہ کل کیوں نہیں بولے تھے کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ کل عوامی اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچا رہے تھے، ان کے لیڈروں نے انہیں کیوں نہیں روکا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزیدکہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کا باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کرایا گیا، دیگر ایس او پیز مکمل کی گئیں، جب زمان پارک میں پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے گئی تو پولیس والوں پر پٹرول بموں سے حملہ کیا گیا، جو قانون ہاتھ میں لے گا، وہ پاکستانی ہے، نہ پاکستان کا شہری، کل سرکاری عمارتوں اور گھروں پر حملے کئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے