پارلیمنٹ کے عزت و وقارکو پی ڈی ایم حکومت خود پامال کر رہی ہے، چودھری پرویزالٰہی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ توہین پارلیمنٹ کا واویلا کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، پارلیمنٹ کے عزت و وقارکو پی ڈی ایم حکومت خود پامال کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے خلاف ربڑ سٹمپ کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں شہبازشریف اور ان کے وزرا آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، پارلیمنٹ میں غیر آئینی قانون سازی کرکے حکومت اس کے آئینی وقار کا خاتمہ بھی کر رہی ہے، موجودہ پارلیمنٹ کی نمائندہ حیثیت اور عزت الیکشن کرانے سے ہی بحال ہو سکتی ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نگران حکومت نے اپنی آئینی ذمہ داری سے مجرمانہ حد تک انحراف کیا ہے، نگران حکومت 90 روز صرف مال بنانے میں لگی رہی ہے، نگران حکومت جاتے جاتے اپنی کرپشن کے نشانات مٹانے کی کوشش کر رہی ہے، سپریم کورٹ کی حکم عدولی کرنے میں محسن نقوی، شہبازشریف کے ساتھ برابر کے مجرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مطلوبہ سیکورٹی دینے سے انکار کرکے محسن نقوی بھی توہین عدالت کرچکے ہیں، پنجاب کے سرکاری محکموں میں ایک مخصوص ذہنیت کے لوگوں کو غیرقانونی طور پر نوازا جا رہا ہے، محسن نقوی کے حکم پر ہونے والی غیر قانونی تقرریوں کوآتے ہی ختم کر دیں گے،غیر قانونی تقرریوں میں محسن نقوی کے آلہ ء کار بننے والے افسروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے