بولان ہمسفر سمارٹ موبائل فون ایپلیکیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے،عبد الخا لق شیخ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پو لیس بلو چستان عبد الخا لق شیخ نے کہا ہے کہ بولان ہمسفر سمارٹ موبائل فون ایپلیکیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، ٹریفک کا نظام بہتر کرکے عوام کی زندگی آسان بنائی جا سکتی ہے،اگلے مرحلے میں بہت جلد ایف ایم 88.6 ریڈیو کی نشریات کا بھی آغاز ہو جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بظاہر چھوٹی نظر آنے والی کاوش در اصل ہم مستقبل کی بہتر پولیسنگ کے لئے اقدام کر رہے ہوتے ہیں یہ بھی اس کی ایک کھڑی ہے پولیس کا اصل کام لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور اگر بڑے پیمانے پر دیکھیں تو لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہی اصل میں پولیسنگ ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک کا نظام بہتر کرکے عوام کی زندگی آسان بنائی جا سکتی ہے دنیا میں اموات کا سبب بننے والی سب سے بڑی وجہ ٹریفک کے نظام میں پائے جانے والی کمزوریاں ہیں عوام کی سہولت کے لئے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے نشریات براہِ راست سنے جائیں گے۔ عبد الخالق شیخ نے کہا کہ بولان ہمسفر موبائل ایپلیکیشن کسی بھی اینڈروئیڈ سمارٹ فون میں موجود پلے سٹور سے با آسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے اب آپ بولان ہمسفر موبائل فون ایپلیکیشن کی توسط سے ٹریفک پولیس کی نشریات براہِ راست نہ صرف سن سکتے ہیں بلکہ لائیو پروگرام میں شامل بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگلے مرحلے میں بہت جلد ایف ایم 88.6 ریڈیو کی نشریات کا بھی آغاز ہو جائے گا ایف ایم ریڈیو کا مقصد عوام کو ٹریفک قوانین، ٹریفک جام، سڑکوں پر رش اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ایف ایم ریڈیو کی نشریات حادثات سے بچاؤ، موسم سے متعلق ایڈوائزری، کیریج ویز پر ٹریفک کے بہاؤ اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے ایک بہترین قدم ہے۔