پاکستان اور ٹی ٹی پی بیٹھ کر بات کریں : امیرخان متقی
اسلام آباد: افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیرخان متقی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اورتحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) سے گزارش ہے کہ بیٹھ کر بات کریں۔اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ طالبان نے کبھی نہیں کہا کہ خواتین کی تعلیم غیر اسلامی ہے یا اس پر پابندی ہے۔ خواتین کی تعلیم کے بارے میں صرف اتنا کہا گیا کہ اگلے احکامات تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔افغان عبوری وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین کسی صورت کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی سے گزارش ہے کہ بیٹھ کر بات کریں۔ سب سے پہلے ہم نے حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی میں بات چیت کا آغاز کروایا۔ ہم کسی صورت پاکستان کی سرزمین پر خون خرابہ اور بدامنی نہیں چاہتے۔ پاکستان اور افغانستان کو سنگین سیکورٹی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔