سیاسی معاملات کا حل ہٹ دھرمی سے نہیں بلکہ گفت و شنید سے تلاش کیا جاتا ہے ،سینیٹر عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم ورسورسز سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے مابین سیاسی صورتحال کے پیش نظر ہونے والے مذاکرات بہت خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے پچھلے پانچ برس میں پہلی بار حل طلب سیاسی معاملات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم آمنے سامنے بیٹھ کر معاملات کا جائزہ لینے اور انکا حل تلاش کرنے کے لئے آمادہ ہوئی ہے طرفین کا یہ عمل سیاسی بلوغت کا غماز ہے۔یہاں جار ی ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرعبدالقادرنے کہا کہ سیاسی معاملات کا حل ہٹ دھرمی سے نہیں بلکہ گفت و شنید سے تلاش کیا جاتا ہے بلا وجہ کی ضد اور جھوٹی انا سیاسی معاملات کو مزید پیچیدہ کر دیتے ہیں طرفین ایک ہی روز الیکشن کروانے پر آمادگی کا اظہار کر چکے ہیں یہ حل مذاکرات ہی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ زیرک سیاستدان کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتے سیاسی مسائل کے حل سے ہی ملک وقوم کا مستقبل جڑا ہوتا ہے مذکرات کا سلسلہ بدستور جاری رکھا جانا چاہئے تاکہ دیگر حل طلب مسائل کا متفقہ حل تلاش کیا جا سکے مقررہ تاریخ کو منعقدہ انتخابات کے نتائج کچھ بھی ہوں تمام سیاسی جماعتوں کو کھلے دل سے انہیں قبول کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں جمہوریت کو مستحکم بنانے کے لئے دنیا کی بڑی اور کامیاب جمہوریتوں سے سبق سیکھنا چاہیے تاکہ ہم ملک کو آگے بڑھا سکیں ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرکے ہی ہم اپنی آنے والی نسلوں کے حوالے ایک مستحکم نظام حکومت رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی کشمکش اور سیاسی غلطیوں کی قیمت ہمیشہ ملک و قوم نے چکائی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل کر خوش اسلوبی سے معاشی، معاشرتی، سیاسی اور آئینی مسائل کو سلجھانا چاہئے جب بھی سیاست دان پارلیمان کو کمزور کرتے ہیں تو جہاں انکا سیاسی وقار مجروح ہوتا ہے وہاں دیگر ادارے سیاسی مسائل سے متعلق معاملات کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں اور یوں تمام ملک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے