بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں ٗ میر محمدہاشم نوتیزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی(پاور ڈویژن) میر محمدہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ صارفین کو مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی،کیسکوبورڈآف ڈائریکٹرز کے ممبران کے علاوہ کیسکوکے تمام چیف انجینئرز،ڈائریکٹرجنرل (ایچ آرایڈمن)، فنانس ڈائریکٹر، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی(پاور ڈویژن) میر محمدہاشم نوتیزئی نے کہاکہ بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کے تحت مینٹی نینس،ای ایل آر اور ڈیپازٹ ورکس کے تمام کیسز جلد ازجلد نمٹاکر اِن منصوبوں کی جلد ازجلد تکمیل کوممکن بنائیں۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی کیسز کے سروے رپورٹ 3ہفتے کے اندرمکمل کرکے اس کی حتمی رپورٹ پیش کریں۔ محمدہاشم نوتیزئی نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے مختصر مدت میں مکمل کئے جائیں اور اس ضمن میں کیسکوکے تمام افسران وملازمین سخت محنت کرکے صارفین کو مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے صوبہ بھرمیں بجلی کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے متعلق وفاقی وزیرکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کیسکوکے تمام سرکلز میں مینٹی نینس، ای ایل آر اور ڈیپازٹ ورکس کے سلسلے میں متعدد منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ دیگرکئی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے بتایاکہ کیسکو اسٹاف بجلی کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں۔ انجینئر عبدالکریم جمالی نے بتایاکہ وفاقی وزیر کی ہدایت پر صوبے کے مختلف علاقوں میں ایچ ٹی اور ایل ٹی لائن پر اگست 2022سے اب تک تقریباً27کروڑروپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ مینٹی نینس کی مدمیں بھی کروڑوں روپے کے منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں کیسکوبورڈآف ڈائریکٹرزکے ممبران کی جانب سے بھی مختلف علاقوں میں ترقیاتی اسکیمات کی نشاندہی کی گئی جس پر کیسکونے مختلف منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچادئیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے