گندم ، آٹا اور کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی وجہ سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ، گورنر بلوچستان

اسلام آباد /کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ گندم، آٹا اور کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی وجہ سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے اشیاء خورد نوش کی مقرر شدہ سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں عدم دستیابی اور دکانداروں کے من مانے نرخوں پر ملاوٹ شدہ چیزوں کی فروخت سے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور اسمگلنگ پر اب تک قابو نہ پانا یقیناً تمام متعلقہ حکام اور اداروں کے وجود پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹری برائے فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ظفر حسن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ سردست غذائی تحفظ کے مسئلے پر قابو پانا اور عوام کو معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ بہت پیچیدہ اور ہمہ پہلو مسئلہ ہے اس میں ملکی سطح پر پالیسی سازی اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کو باہم مربوط کرنا ہوتا ہے گورنر بلوچستان بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کو زراعت میں خود کفیل بنانے کیلئے بلوچستان کے زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ افراد کو کسی صورت نظرانداز نہیں کر سکتے اس کیلئے صوبے بھر کے پہاڑوں اور میدانی علاقوں میں رہنے والے غریب کاشتکاروں اور چرواہوں کو بھی ضروری سہولیات فراہم کرنا ہوگا انہوں نے کہا ملک اور صوبے کی سطح پر تمام معاشی اور تجارتی سرگرمیوں میں معاشرے کی عظیم اکثریت کی شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے سے ہی ملک اور صوبے کی سطح پر معاشی استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے