بلوچستان ، بارشوں میں آسمانی بجلی گرنے سے مختلف واقعات میں 31 افراد جاں بحق ، چالیس افراد زخمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں موسم سرما اور بہار کی بارشوں میں آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف واقعات میں 31 افراد جاں بحق جبکہ چالیس افراد زخمی ہوئے، مکانات،فصلوں اور شاہراہوں کو بھی نقصان پہنچا۔محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ سال مون سوں بارشوں کا اسپیل 25اگست سے ختم ہوگیا تھا جس کے بعد نومبر میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو ابھی تک جاری ہے موسم سرما اور موسم بہار کے دوران بارشوں کے مختلف اسپیل آئے جن میں مکانات کی چھتیں اور دیوار گرنے،سیلابی ریلوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 31 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بارہ مرد،دس خواتین اور نو بچے شامل ہیں۔ ضلع خضدار میں سب سے زیادہ نو افراد ہلاک ہوئے صوبے میں بارشوں کے دوران رونما واقعات چالیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان واقعات میں چھ مکانات مکمل پر منہدم ہوئے جبکہ پندرہ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا تیس جانور مارے گئے، پچاس ایکڑ پر گندم کی فصل بہہ گئی تیس باغات تباہ ہوگئے پانچ روڈ،دو ہائی وے اور ایک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔