آزادی صحافت کیلئے قربانیاں دینے والے صحافیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں،سردار عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کیلئے قربانیاں دینے والے صحافیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ میڈیا نے معاشرے میں اجتماعی شعور بیدار کرنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ جمہوریت کا فروغ میڈیا کی آزادی سے مشروط ہے۔ سچ اور حق کیلئے کھڑے ہونے والے صحافی معاشرے کا چہرہ بن جاتے ہیں۔ سردار کھیتران نے کہا کہ آزادی صحافت ہی کسی معاشرے کے اجتماعی شعور کا آئینہ دار ہوتی ہے۔ ذمہ دار صحافت کو مذہبی، سماجی اور معاشرتی حدود و قیود سے آزاد نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی صحافی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ پاکستانی میڈیا عوام کی مستند معلومات تک رسائی کے حق کی بخوبی حفاظت کر رہا ہے۔ میڈیا کسی بھی ریاست کے کان اور آنکھ کا کردار ادا کرتا ہے۔