پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ، وزیرِ اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا ان خیالات کا اظہار شبہاز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا، حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

آزاد جموں و کشمیر کے ہم منصب سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کا کیا گیا غیر قانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے جس کا اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہے گی ، ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کو آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے