ملک عبدالولی خان کاکڑ کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل سے ملاقات ، سیاسی و معاشی استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے منگل کووفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی تازہ ترین صورتحال، بلوچستان میں امن وامان کے حالات اور سیاسی و معاشی استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے گورنر بلوچستان کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کا منصب ایک اعزاز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری کا نام بھی ہے. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے اپنے سیاسی قائد کا خصوصی شکریہ ادا کیا. گورنر بلوچستان نے اپنی کارکردگی سے سردار اختر جان مینگل کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خوش قسمتی ہے کہ گورنر ہاوس اینڈ سیکرٹریٹ میں ہمیں بہت تجربہ کار، ملنسار اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ٹیم ملی ہے جو روز آول سے تمام سرگرمیوں اور دفتری امور میں بھرپور تعاون اور مدد فراہم کرتی آرہی ہے. صوبے کے ایک آئینی سربراہ کی حیثیت سے ہم نے اپنی تجربہ کار ٹیم کے ساتھ صوبہ بھر کے حالات و واقعات پر کڑی نظر رکھی ہیں. انہوں نے کہا کہ باڈر ٹریڈز کو فعال بنانے، ہائیر ایجوکیشن کے ثمرات سے نوجوانوں کو مستفید کرانے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی توسط سے ساحلی علاقوں کے اسٹوڈنٹس کو دو سو سکالرشپ فراہم کرنے، پہلی بار آل بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کانفرنس کو منعقد کرنے اور مرکز و صوبوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے شعوری کاوشیں کی جارہی ہیں. علاوہ ازیں صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص پسماندہ اور دورافتادہ علاقے کے دورے بھی جاری ہیں تاکہ فوری نوعیت کے عوامی مسئلے بروقت حل ہو جائے. اس کے علاوہ میرٹ کی پاسداری اور شفاف?ت کو اپنا شعار بنا رکھا ہے. منصب سنبھالتے ہی گورنر ہاوس کے دروازے عام لوگوں کیلئے کھول رکھے ہیں جن میں گورنر ہاوس اینڈ سیکرٹریٹ کے آفیسرز اور ملازمین صبح سے شام تک عوام کی خدمت پیش پیش ہیں. گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے مزید کہا کہ صوبہ میں کام کرنے والے وفاقی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے ازالہ کے حوالے سے باقاعدگی سے جائزہ اجلاس ہو رہے جن کے معنی خیز نتائج برآمد ہو رہے ہیں. ہمارا اصل مقصد یہ ہے کہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہو جائے اور عوامی شکایات کا ازالہ جلد سے جلد ممکن ہو جائے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اپنے قائد کے ویڑن پر عمل پیرا ہوکر ہی یہ میری اور میری ٹیم کی اصل کامیابی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے