امریکی ریاست میں گرد کا شدید طوفان، گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 6 افراد ہلاک، 30 سے زائد زخمی

الی نوئے(ڈیلی گرین گوادر) امریکی ریاست میں آنے والے گرد کے شدید طوفان کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 6 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔عالمی میڈیا میں شائع اور نشر ہونے والی رپورٹس میں ترجمان الی نوئے پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز ریاست الی نوئے میں فارمرز ولے کے علاقے میں گرد کا انتہائی شدید طوفان آیا جس کے نتیجے میں حدنگاہ صفر ہوگئی۔

اسی دوران علاقے سے گزرنے والی مرکزی شاہراہ انٹراسٹیٹ 55 کے دونوں جانب کے ٹریک پر 80 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 2 سے 80 سال تک ہیں۔پولیس اور امدادی اداروں کے اہلکاروں کے مطابق طوفان کی وجہ سے زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاکتیں شمال کو جانے والے ٹریک پر گاڑیوں کے ٹکرانے سے ہوئیں۔ ان گاڑیوں میں دو ٹریکٹر ٹرالر بھی شامل تھے جن میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔گرد کے طوفان اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد انٹراسٹیٹ 55شاہراہ کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے