پارٹی کا نام کون سا دھڑا استعمال کرسکتا ہے اور کونسا نہیں؟ بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں حالیہ دھڑے بندی اور اخباری بیانات کے حوالے سے دونوں جانب سے دباؤ کو پارٹی کا اندرونی مسئلہ قرار دیتے ہوئے افہام و تفہیم سے اس کے پائیدار حل کیلئے زور دیا ہے۔ بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل نے یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کا نام کون سا دھڑا استعمال کرسکتا ہے اور کونسا نہیں؟ یہ طے کرنا اخبارات یا میڈیا کا کام نہیں اسکے لئے قانونی طور پر جو راستے ہیں انہیں استعمال کرنا پارٹی کے دونوں دھڑوں کی قیادت کا کام ہے کیونکہ یہ پارٹی کا اندرونی مسئلہ ہے ماضی میں ایسی مثالیں موجود ہیں کہ سیاسی پارٹیوں میں دھڑے بندی ہوئی اور نام کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ اخبارات پر دباؤبھی ڈالا گیا تاہم اس وقت بھی اخباری صنعت سے وابستہ تنظیموں نے یہی موقف اختیار کیا کہ میڈیا پر دباؤ ڈالنے کے بجائے اپنے اس اندرونی مسئلے کو دونوں دھڑوں کی قیادت خود طے کرے اخبارات اور میڈیا غیر جانبدار ہے اور اسکا کسی دھڑے سے کوئی تعلق نہیں بنتا یہ غیر جانبداری آج بھی برقرار ہے لہٰذا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے دونوں دھڑوں سے گزارش ہے کہ وہ اس حوالے سے افہام و تفہیم سے پائیدار حل نکالے اور اخبارات و میڈیا پر بے جا دباؤ ڈالنے سے گریز کریں۔