وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارتشکر کیا ہے۔اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس سال گندم کی پیداوار گزشتہ 10برس کی نسبت سب سے زیادہ ہوئی ہے،کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی بلا تعطل فراہمی سے گندم کی شاندار پیداوار ممکن ہوئی۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر فصل بروقت فیصلوں اور بہترین گورننس کا ثبوت ہے، تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال حکومت اس سے بھی ذیادہ پیداوار کیلئے حکمت عملی مرتب کر رہی ہے، گزشتہ نا اہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا، گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی و وفاقی محکمے براہ راست کسانوں سے گندم خریدیں تاکہ کاشت کار کو بھرپور فائدہ پہنچے۔ وزیرِ اعظم نے تمام صوبائی اور وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو اس کے ساتھ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کا بھی کہا۔