تمام ادارے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کی نگرانی کریں، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کی نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث حادثات میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت اور دعا کی کہ بارشوں کا جاری سپل خیر و عافیت کا ہو۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہتے ہوئے بارشوں سے پیدا صورتحال کی نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارشوں کے زیر اثر علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری رکھی جائے بولان اور دیگر علاقوں میں قومی شاہراہوں اور لنک روڈز کی بحالی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کہ پی ڈی ایم اے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ریسکیو عملے کو الرٹ رکھیں ہنگامی صورتحال کے لئے کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے۔