ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج اسد اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے قائدین پر درج ایف آئی آرز میں ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج اسد اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان پر درج ایف آئی آرز میں ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف کے قائدین و کارکنان پر درج ایف آئی آرز میں ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج اسد اللہ کی عدالت میں ہوئی۔ کیس میں درخواست گزار نے بتایا کہ مختلف اوقات میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہیں احتجاج کرنا شہریوں کا قانونی حق ہے حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر کار سرکار میں مداخلت اور دہشتگردی کی دفعات لگا کر مقدمات بنائے ہیں۔ در خواست گزارنے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے میں نامزد 11 صوبائی قائدین و دیگر کارکنان کی ضمانت منظور کی جائے جس پر عدالت نے ضمانت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کر تے ہوئے انصاف لائر ز فورم کے صدر اقبال شاہ، آصف ترین،رحیم کاکڑ و دیگر نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری اور زمان پارک میں آپریشن کے خلاف احتجاج کیا تھاہمارے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور دہشتگردی کی دفعات لگا کر مقدمہ درج کیا گیا عدالت میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سمیت دیگر قائدین پیش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری احتجاج پر درج ایف آئی آرز میں نامزدگی پر ضمانت کیلئے آئے ہیں، عدالتوں نے ہمیشہ انصاف فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہوا ہے امید ہے عدالت انصاف کریگی۔