نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے 44لاکھ روپے سے زائد رقم مسافروں کو واپس دلوائی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ کی ہدایت پرنیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عید الفطر کے موقع پر مسافروں کے تحفظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنایا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عید الفطر کے موقع پر پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز اور عملہ کی جانب سے زائد کرایہ کی مد میں وصول کیے جانے والے 44لاکھ روپے سے زائد رقم مسافروں کو واپس دلوائی۔اس کے علاوہ موٹرویز اور ہائی ویز پر اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی گئی۔مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والی 3,835پبلک سروس گاڑیوں جبکہ اوورلوڈنگ کرنیوالی 9,371گاڑیوں کو11ملین سے زائد جرما نے عائدکئے گئے۔ انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ نے کہا ہے کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنیوالے مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اسی ضمن میں عید الفطر کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے قومی شاہراؤں پر مخصوص پوائنٹس پر اضافی نفری، اسپیشل اسکواڈ تعینات کئے گئے تھے۔اس کے ساتھ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران کی طرف سے تمام مین ٹول پلازوں پرمسافروں کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے کئے گئے اقدامات اور یکساں قانون کے نفاذ میں اہم کر دار ادا کیا۔