حکومت بلوچستان تمام یاتریوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی، میر عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع لسبیلہ ہنگول نیشنل پارک میں واقع تاریخی ہنگلاج ماتا مندر کی سالانہ مذہبی رسومات اور تقریبات کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہنگلاج ماتا جسے ہنگلاج دیوی ہنگلا دیوی اور نانی مندر بھی کہا جاتا ہے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ اور ہنگول نیشنل پارک کے وسط میں واقع ہندو مذہب کا ایک تاریخی مقام ہے انہوں نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں میں اس جگہ نے بڑھتی ہوئی مقبولیت حاصل کی ہے اور یہ پاکستان کی ہندو برادری کے لیے ایک متحد مذہبی مقام کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ہنگلاج یاترا پاکستان میں ہندوؤں کی سب سے بڑی یاترا ہے جس میں بہت بڑی تعداد میں یاتری شمولیت کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ملک بھر اور بیرون ملک سے آنے والے تمام یاتریوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی اور 28 اپریل سے شروع ہونے والے اس تین روزہ مذہبی تہوار کے آغاز پر مقامی انتظامیہ اور حکومت بلوچستان کا مکمل تعاون یاتریوں کو حاصل رہے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے یاتریوں کی سہولت اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے علاقے میں کئی ایک ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جن میں سڑک کی تعمیر پانی اور رہائشی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے صوبے میں بسنے والے تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے صوبائی حکومت نے ہنگلاج ماتا مندر کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے سے متعلق ترقیاتی منصوبے کیلئے اضافی فنڈز کا اجراء بھی کیا ہے اور صوبائی حکومت اس اہم مقام کی صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلق اہمیت کو سمجھتی ہے وزیر اعلیٰ نے تاریخی ھنگلاج ماتا مندر میلہ کی بھرپور کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو تمام ہندو یاتریوں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور سکیورٹی اداروں کو یاتریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے