سندھ حکومت جیکب آباد واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائے گی،فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے جیکب آباد کے علاقے جاگیر میں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں بلوچستان پولیس کے آفیسر سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ پولیس انسپکٹر اور تین اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا پولیس اہلکاروں نے جرت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا سندھ حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائے گی ترجمان صوبائی حکومت نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے واقعہ میں ذخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔