اوتھل اور سی آئی اے پولیس کی مشترکہ کاروائی، موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کا1اہم کارندہ گرفتار

اوتھل(ڈیلی گرین گوادر) تھانہ لاکھڑا،اوتھل اور سی آئی اے پولیس کی مشترکہ کاروائی موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کا ایک اہم کارندہ گرفتار۔ لسبیلہ پولیس کے ترجمان کے پریس ریلیز کے مطابق محمد عامر سکنہ بیلہ نے تھانہ لاکھڑا میں رپورٹ دی کہ وہ بیلہ میں ہریش کمار کی دکان پر کام کرتا ہے۔ ہریش کمار سے اس کی موٹر سائیکل ہنڈا 125 رجسٹریشن نمبر KOU.8430 لیکر اپنے ساتھی جہانزیب کے ہمراہ بیلہ سے پیر بمبور لاکھڑا جارہا تھا کہ چانکارہ نزد سردار غلام رسول موسیانی گوٹھ لاکھڑا پہنچے تو اچانک ایک یاماہا موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح نقاب پوش ملزمان سامنے آئے اور اسلحہ کے زور پر ہماری موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ اس رپورٹ پر مقدمہ برخلاف نامعلوم ملزمان درج رجسٹرڈ ہوا اورSSP لسبیلہ محمد ایوب اچکزئی نے سختی سے ہدایت کی کہ فورآ ملزمان کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل برآمد کی جائے جس پر تھانہ لاکھڑا، اوتھل اور سی آئی اے پولیس لسبیلہ نے مشترکہ طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے فوری طور پر تھانہ لاکھڑا کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی عمل میں لاتے ہوئے موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کا ایک ساتھی ملزم غلام حسین ولد ایوب خان سکنہ لال بازار جھاؤ آواران کو گرفتار کیا اور چھینی گئی موٹر سائیکل ہنڈا 125.CG برآمد کرلی جبکہ گرفتار ملزم کے انکشافات کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے