سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023 باقاعدہ قانون بن گیا، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023 باقاعدہ قانون بن گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پرنٹنگ کارپوریشن کو گزٹ نوٹیفیکیشن کا حکم دے دیا قومی اسمبلی ترجمان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے اس بل کو دوسری بار دستخط کے بغیر واپس بھجوا دیا تھا ۔بل قانون اور قواعد وضوابط کی روشنی میں تمام تقاضے پورے کرکے گزٹ کےلیے بھجوا دیاہے۔بل کی منظوری کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل اب قانون کی شکل میں نافذ ہوچکا ہے۔
یاد رہے صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل دستخط کیئے بغیر پارلیمنٹ واپس بھجوا دیا تھا۔ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیےمیں کہاگیا کہ بل کی درستگی کا معاملہ عدالتی فورم کے سامنے زیر سماعت ہے، لہٰذا معاملہ زیر سماعت ہونے کے احترام میں بل پر مزید کارروائی مناسب نہیں۔
عدالتی اصلاحات سے متعلق یہ بل 10 اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کثرت رائے سے ترامیم کے ساتھ منظور ہوا تھا۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل صدر مملکت کو دستخط کے لئے دوبارہ بجھوایا گیا تھا۔