وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلیے بھارت جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے بھارت جائیں گے دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کی بھارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت پاکستان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے ساتھ کمٹمنٹ اور بلاول بھٹو زرداری کا دورہ بھارت پاکستان کی خطے کے لیے ترجیحات کا عکاس ہے بھارت نے پاکستان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ مناسب وقت میں اس دعوت نامے کا جواب دیا جائے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 4 اور 5 مئی کو ہوگا۔
دفترخارجہ نے رواں سال کے آغاز میں بھارت کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مناسب وقت میں اس دعوت نامے کا جواب دیا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت دونوں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں۔ کسی بھی پاکستانی وزیرخارجہ کا 12 سال بعد یہ پہلا دورہ بھارت ہوگا۔