مفتی عبد الشکور کی شہادت قومی سانحہ ہے، مولانا صلاح الدین ایوبی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری مالیات رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی نے وفاقی وزیر مذہبی امور اور جے یوآئی فاٹا کے امیر مفتی عبدالشکورکی ٹریفک حادثے میں المناک شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبد الشکور کی شہادت قومی سانحہ ہے، ان کی علمی وسیاسی خدمات کو ہمیشہ خراج تحسین کے الفاظ سے یاد رکھا جائے گا، وزارت مذہبی امور کو احسن طریقے سے چلاکر کم عرصہ میں حج آپریشن کے دوران ملک کو اربوں روپے فائدہ پہنچایا، جس پر ہر کارکن کو فخر ہے،مفتی عبدالشکور شہید صداقت و امانت سادگی اور اخلاص کا پیکر اور حقیقی معنوں میں مفکر اسلام مولانا مفتی محمود رحمتہ اللہ کی سیرت پر عمل پیرا تھے۔جے یوآئی رہنماؤں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی اچانک حادثاتی شہادت سے جمعیت علمائے اسلام ایک نڈر، بیباک،دلیر حق گو اور قومی رہنماء سے محروم ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے پورا ملک صدمے سے دوچار ہے، انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور نے زندگی بھر جبرواستبداد کیخلاف جدوجہد کیساتھ قال اللہ اور قال الرسول کے لئے وقف کررکھی تھی۔ جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے ان کی دینی، ملی، علمی، سیاسی اور سماجی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گے۔ اْنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مفتی عبدالشکور شہید کے درجات بلند فرمائے اور ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے تمام پسماندگان کو صبرجمیل عنایت فرمائے۔ آمین