مردم شماری میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بعض دیگر علاقوں کی آبادی کو کم ظاہر کیا گیا ہے، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری ایک اچھااقدام ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مردم شماری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ مردم شماری پر کسی سیاسی جماعت کو اعتراض نہ ہو،مردم شماری میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بعض دیگر علاقوں کی آبادی کو کم ظاہر کیا گیا ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بلوچستان زمین کے لحاظ سے ملک کا 45فیصدسے زائد ہے جس کی آبادی دور دراز علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے جس کو مردم شماری کے دوران شمار کرنے کیلئے وقت درکار تھا وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ایک مرتبہ پھرڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کرکے ایک اچھافیصلہ کیا ہے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کوچاہئے کہ وہ ڈیجیٹل مردم شماری پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات کودور کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ ڈیجیٹل مردم شماری پر کسی کو اعتراض نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مردم شماری میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اوربعض دیگر علاقوں کی آبادی بڑھنے کی بجائے اسے کم ظاہر کیا گیا ہے جس پر سیاسی جماعتیں تحفظات کااظہار کررہی ہیں آبادی کم ہونے سے بلوچستان کی صوبائی اورقومی اسمبلی کی سیٹیں بھی کم ہوجائیں گی جو صوبے کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری سے پاکستان کی صحیح آبادی کا پتہ چل سکے گا حالیہ مردم شماری کی بنیاد پر ملک میں آنے والے عام انتخابات ہونگے آبادی کی بنیادپرقومی اورصوبائی اسمبلی کی نشستوں میں بھی اضافہ ہوگاجس سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی عوام اورسیاسی جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ مردم شماری میں بھر پور حصہ لے اور مردم شماری کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے