کمشنر قلات ڈویژن کی ہدیت پرکوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر کوچ میں ڈیزل کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر قلات ڈویژن داؤد خلجی کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی قلات ڈویژن علی درانی نے ایس ایس پی خضدار پولیس فہد کھوسہ کے ہمراہ این 25کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کمرشل گاڑیوں میں لگی فوگ لائٹس، ٹریکر ڈیوائس، ڈرائیونگ لائسنس،روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفیکٹ، چمک پٹی اور مسافر کوچ میں ڈیزل کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے سپر ہائی ویز پر آئے دن ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کا ضیاع کے تدارک کے لئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے کمشنر قلات ڈویژن کو سختی سے ہدایت جاری کی تھی۔
کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف نہ صرف کاروائی عمل میں لائی جائے جس پر کمشنر قلات ڈویژن داؤد خلجی نے سیکرٹری آر ٹی اے قلات ڈویژن علی درانی کو کاروائی کا حکم دیا جس میں انہوں نے ایس ایس پی خضدار فہد کھوسہ، انسپکٹر جاوید، ٹریفک سارجنٹ غوث بخش، سپرنٹڈنٹ آر ٹی اے عنایت، لیویز اور پولیس کے جوانوں کے ہمراہ منگل کی شب کوئٹہ کراچی شاہراہ زیرو پوائنٹ پر ناکہ لگا کر حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق دو درجن سے زائد بڑی گاڑیوں کی فوگ لائٹس موقع پر ہی ختم کر دیں جبکہ چالیس کے قریب بڑی گاڑیوں کو آگاہی مہم کے ذریعے تنبیہ کی گئی کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس غیر قانونی ہے جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااورکوچ ڈرائیورز کو ٹریکر ڈیوائس نہ ہونے کی صورت میں سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔