شہر قائد پر ڈاکوؤں کا راج برقرار وارداتوں میں بے گناہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کا سلسلہ بدستور جاری
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) شہر قائد پر ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے اور اس دوران وارداتوں میں بے گناہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے کراچی میں ماہ رمضان کے دوران ڈکیتی کی ایک اور واردات میں مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے کورنگی میں ایک میڈیکل اسٹور پر لوٹ مار کے دوران ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔
ڈیلی گرین گوادر ریکارڈ پر آنے والے اعداد و شمار کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 10 افراد کو فائرنگ کر کے زندگی سے محروم کر دیا جب کہ رواں سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 41 شہری موت کے گھاٹ اتارے جا چکے ہیں۔
حالیہ واقعہ کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر سیکٹر 32 اے میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا ۔مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی۔مقتول کی شناخت 33 سالہ یاسر کے نام سے کی گئی افسوس ناک واقعہ افطاری کے وقت پیش آیا۔ مقتول کو سر پر ایک ہی گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی ۔مقتول شادی شدہ اور اسی علاقے کا رہائشی تھا ۔