رمضان اور قرآن ، استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں : دردانہ صدیقی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) رمضان اور قرآن ، استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں۔اللہ رب العالمین نے شب قدر میں قرآن کریم نازل فرمایا جو نوع انسانی کے لئے ہدایت اور دنیاوی و اخروی سعادت ہے۔پاکستان نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور نظریہ ہی اسکے استحکام کا ضامن ہے . 27 رمضان المبارک آزادی و تشکر کا یوم سعید ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی ،صدروسطی پنجاب ربعیہ طارق اورصدر ضلع لاہورعظمی عمران نے ستائیسویں شب یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نزول قرآن اور لیلتہ القدر کی بابرکت ساعتوں میں پاکستان کا عالم وجود میں آنا اللہ تبارک وتعالیٰ کا برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان، ریاست مدینہ کے بعد دنیائے اسلام کا وہ ملک ہے جو نظریاتی حوالے سے وجود میں آیا ۔اس کا نام پاکستان خود اس پر دلیل ہے جو رنگ نسل اور زبان و مکان کی قیود سے آزاد ہے۔جس نظریے کی برکت سے ہم نے پاکستان حاصل کیا اسی نظریے یعنی قرآن کریم کی اصولی ہدایات پر عمل کر کے, اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئےپاکستان میں اسلامی نظام نافذ العمل کر کےہم پاکستان کو ایک اسلامی ، خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں ۔دردانہ صدیقی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک شب اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے پاکستان کے تمام معاشی ، معاشرتی ، اخلاقی مسائل ، قدرتی آفات و حادثات, بدامنی اور کشمیر سمیت امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے موجودہ حالات کے لئے اللہ رب العزت سے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں۔#

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے