اطلاع ہے عید پر زمان پارک میں دوبارہ آپریشن ہوگا ، عمران خان
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اطلاع ہے کہ عید پر زمان پارک میں دوبارہ آپریشن ہوگا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران بیان میں کہا کہ آخری بار آپ نے آپریشن کرنے سے روکا تھا لیکن پولیس نے آپکے کے روکنے کے باوجود گھرمیں توڑپھوڑ کی، مجھے اطلاع ملی ہے کہ عید پر زمان پارک میں دوبارہ آُپریشن ہوگا اور مجھے لگ رہا ہے کہ زمان پارک میں خون ہوگا۔
عمران خان نے عدالت سے پولیس آپریشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن ہارنے سے ڈرے ہوئے ہیں، یہ مجھے صرف جیل میں نہیں ڈالنا چاہ رہے یہ مجھے ختم کرنا چاہتے ہیں، پہلے بھی حملہ ہوا اور اللہ نے مجھے بچا لیا۔
چیرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہم مزاکرات کر رہے ہیں جبکہ آئین کے مطابق مزاکرات کی ضرورت نہیں ہے، 90 دن سے باہر الیکشن نہیں ہوسکتے، اسکے باہر آئین ختم ہوجاتا ہے اس پر ساری لیگل کمیونٹی متفق ہے، 90 دن کے بعد نگران حکومت کی کوئی آئینی حثیت نہیں رے گی، 90 دنوں کے بعد جو کچھ کریں گے وہ غیر آئینی ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کو ہٹا کر ایک ایڈمنسٹر لگانا چاہیے جسکا کام صرف الیکشن کروانا ہو، یہ نگران حکومت کسی اور ایجنڈے پر آئی ہوئی ہے، نگران حکومت سب کچھ کر رہی ہے ماسوائے الیکشن کروانے کے، یہ نگران حکومت وہ انتقامی کارروائی کر رہی ہے جو کبھی منتخب حکومتوں نے نہیں کی، یہ لندن ہلان کا حصہ ہے جہاں نواز شریف سے وعدہ کیا گیا تھا۔