اسٹیٹ بینک نے پیسے جاری نہ کیے تو ابتدا ان سے ہی ہو گی، شیخ رشید
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک پیسے جاری کرتا ہے یا نہیں کرتا آج پتہ لگ جائے گا، اگر اسٹیٹ بینک الیکشن کمیشن کو پیسے نہ بھیج کرحکم عدولی کرتا ہے تو ابتداء اسٹیٹ بینک سے ہی کی جائے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے یا عوام کی عدالتوں میں ہوں گے اس کا بھی پتہ لگ جائے گا، سراج الحق کے مذاکرات حقیقت پرمبنی ہوں تو اچھی بات ہے، اب تو زلمے خلیل زاد نے بھی مسٹر ٹین پرسنٹ پر مہر لگا دی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نیب کے کیسز سپریم کورٹ میں فیصلہ طلب ہیں، انشاءاللہ سپریم کورٹ نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے گی، عدلیہ کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں ان کے خلاف غیراخلاقی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، اگرقومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو صوبائی الیکشن اپنے وقت پر ہی ہو کر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان کہ 14 مئی کو انتخابات نہیں ہونگےعدلیہ کے فیصلے کی سرعام حکم عدولی ہے، چور دروازے سے آنے والی پی ڈی ایم کی حکومت الیکشن کے چوک اور چوراہے میں جانے سے گھبرا رہی ہے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے 90 روز پورے ہو گئے ہیں تو یہ کس شوق کس اختیار کے تحت بیٹھے ہوئے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاری اور غیرملکی ایرلائینزز بند ہورہی ہیں۔