کیسکو سرکاری اداروں کی نادہندگی کا نزلہ عوام پر گرا رہا ہے ، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ
گوادر (ڈیلی گرین گوادر) گوادر میں 24 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں سے عرض ہے کہ ماہ رمضان میں بلاجواز علاقوں کی بجلی منقطع کرنے اور طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گوادر عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس غیرانسانی عمل کو فوری طور پر بند کرکے علاقوں کی بجلی بحال کی جائے، کیسکو سرکاری اداروں کی نادہندگی کا نزلہ عوام پر گرا رہا ہے۔حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جوڑیشل لاک اپ سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گوادر کو چوبیس گھنٹے بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے کرنے والوں کی خدمت میں عرض ہے کہ اس ماہ مبارک میں مختلف مقامات پر پورے علاقوں کی بجلی منقطع کرکے اور طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو اذیت دینا بند کیا جائے۔مولانا نے واضح طور پر کہا لوگوں پر ظلم بہت ہوگیا. چند ہزار بل کی خاطر غریبوں کے پورے علاقوں کی بجلی منقطع کی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب گوادر کے سرکاری ادارے کروڑوں روپوں کے نادہندہ ہیں اور بجائے ان سے واجبات کی وصولی کے ان کا بدلہ عوام سے لیا جارہا ہے۔سربراہ حق دو تحریک نے مزید کہا کہ اگر گوادر عوام پر ظلم کے سلسلے بند نہیں ہوئے تو ہم بھی اس کے خلاف کھڑے ہونے میں نہیں ہچکچائیں گے۔