سیاسی مخالفین عوامی خدمت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر مختلف اداروں میں درخواستیں دے کر پروپیگنڈہ کررہے ہیں،میر عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین ان کی عوامی خدمت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کے خلاف مختلف اداروں میں درخواستیں دے کر پروپیگنڈہ کررہے ہیں ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈے سے انہیں اور انکے بیٹے شعیب نوشیروانی کو خاران کے عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے وہ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ ہماری اداروں سے بھی یہ گزارش ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین کی جانب سے دی گئی درخواستوں میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کریں اگر ہم پر یہ الزامات ثابت ہوئے تو ہم ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں اگر یہ الزامات ثابت نہیں ہوتے تووہ ان سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ 1985ء سے لے کر اب تک میں اور شعیب نوشیروانی ایسے الزامات اور منفی پروپیگنڈے کا سامنا کرتے چلے آرہے ہیں ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم محب وطن ہیں ہم نے اس سرزمین سے وفا کی قسم کھا رکھی ہے اور عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتے چلے آرہے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے سیاسی مخالفین کی رات کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اس لئے وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں وہ اس ملک کے قابل احترام اداروں میں ہمارے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت جھوٹے الزامات پر مبنی درخواستیں دے رہے ہیں کہ کسی طرح ہمیں حق کے راستے سے ہٹا سکیں اور انہوں نے ان اداروں میں ہمارے خلاف اتنی جھوٹی درخواستیں دی ہیں کہ اب ان اداروں کے پاس ان درخواستوں کی وصولی کی جگہ بھی باقی نہیں رہی انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے سیاسی مخالفین کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ان کے ان من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں عوام کی خدمت اور حب الوطنی کے راستے سے نہیں ہٹایا جا سکتا ہم عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور خاران کے محب وطن عوام کے دلوں سے یہ مخالفین ہمیں نہیں نکال سکتے انہوں نے متذکرہ اداروں سے گزارش کی کہ وہ بے بنیاد اور من گھڑت درخواستوں پر تحقیقات کریں اگر ہم مجرم ٹھہرے تو ہر سزا کیلئے تیار ہیں ورنہ یہ جھوٹی درخواستیں اور اداروں کو غلط گائیڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ آئندہ کسی کو یہ جرات نہ ہو کہ وہ ملک کے ان قابل احترام اداروں کو غلط گائیڈ کرنے کا مرتکب ہو انہوں نے کہا کہ ملک کے یہ ادارے ہمارے لئے قابل احترام ہیں ان اداروں نے ملک کی سالمیت اور بقاء کی قسم کھا رکھی ہے۔ بعض عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے انہیں بدنام کرنے کے درپے ہیں اور ان لوگوں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرتے ہیں جو کہ محب وطن ہیں۔ ماضی گواہ ہے کہ ان محب وطن لوگوں نے اس ملک اور صوبے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور آج بھی وہ اس ملک اور صوبے کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں انہوں نے ملکی اداروں سے یہ بھی اپیل کی کہ جو عناصر محب وطن لوگوں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں ان کے ماضی اور کردار کے حوالے سے بھی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو اور انہیں بے نقاب کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے