وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کا بلٹ اور بم پروف گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کا بلٹ اور بم پروف گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ،اگر کسی کو اپنی جان بہت عزیز ہے تو وہ اپنے اسکواڈ اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بھی بلٹ پروف گاڑی کی سہولت فراہم کرے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو تمام سرکاری بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیوں کو فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ اراکین اور اعلیٰ سول اور پولیس افسران کو بھی بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال کی ممانعت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو اپنی جان بہت عزیز ہے تو وہ اپنے اسکواڈ اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بھی بلٹ پروف گاڑی کی سہولت فراہم کرے ہم خود کو تو بلٹ پروف گاڑی میں محفوظ کر لیتے ہیں لیکن ہما را سیکورٹی سٹاف ہماری وجہ سے نمایاں ہدف ہوتا ہے کئی واقعات میں وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکار دہشت گردوں کا نشانہ بنے۔انہوں نے کہاکہ زندگی اور موت اللہ کے اختیار میں ہے جب وقت پورا ہو تو بلٹ پروف گاڑی بھی بچا نہیں سکے گی آئندہ مجھ سمیت کسی بھی وی آئی پی کے لئے روٹ نہیں لگے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی سہولت اور شان و شوکت کے لئے روٹ لگا کر عوام کو مشکل میں ڈالتے ہیں عوام کی خدمت کے نعرے پر ووٹ لینے والے اقتدار میں آکر عوام کے لئے زحمت نہ بنیں۔وزیراعلیٰ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری کو گاڑیوں سے متعلق فوری طور تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے