بلوچستان کے حقوق کے لئے صحافیوں کی قربانیوں کو تاریخ یاد رکھے گی، بی این پی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کا ایک وفد پارٹی کے مرکزی لیبر سیکریٹری موسی بلوچ کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند اور اس کے کابینہ کو مبارکباد دینے کے لئے گئے جس میں ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری، ممبرسنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی چیئرمین واحد بلوچ، ٹکری شفقت لانگو، جمال لانگو اور نسیم جاوید ہزارہ شامل تھے۔ اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکریٹری بنارس خان، سینئر صحافی شہزادہ ذوالفقار، نور الہی بگٹی، عبداللہ زہری، علی اکبر اور شعیب رئیسانی بھی موجود تھے۔ وفد نے پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی طرف سے پریس کلب کے نو منتخب صدر اور کابینہ کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا جس میں حالیہ مردم شماری اور خانہ شماری میں کوئٹہ کی بلوچ آبادی کو نظر انداز کرنے اور خصوصا سریاب کے علاقوں میں ہزاروں گھرانوں کو مردم شماری سے دور رکھنے کو بلوچ قوم کے خلاف سازش قرار دے کر اس کو مسترد کر دیا گیا۔ وفد نے کہا کہ بی این پی ایک لبرل قومی جماعت ہے جس میں ہر قوم، نسل، زبان اور عقیدے کے لوگ بڑی تعداد میں سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بلوچستان کے حقوق کے حصول کی سیاسی جدوجہد میں شامل ہیں۔ بی این پی ہمیشہ آزادی صحافت اور قلم کی طاقت اور حرمت کی قائل رہی ہے۔ بلوچستان کے حقوق کے لئے صحافیوں کی قربانیوں کو تاریخ یاد رکھے گی۔ ویسے تو پورے ملک میں صحافیوں نے ہمیشہ حق و صداقت کو اجاگر کرنے کی پاداش میں قربانیاں دی ہیں مگر بلوچستان کے صحافیوں کی قربانیاں سب سے زیادہ ہے جس کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عبدالخالق رند کی سربراہی میں صحافی برادری کے مسائل حل ہوں گے، ہم ہر وقت آپ کے ساتھ ہیں اور بلوچستان کے جملہ حقوق کا حصول اور اس صوبے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی دانشوروں اور صحافیوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے