کراچی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق دوسرا زخمی
کراچی ڈیلی گرین گوادر) سپرہائی وے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا ، سیکیورٹی عملے نے جوابی کارروائی کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز ون میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا.
سیکیورٹی کے دیگر عملے نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 28 سالہ اقرار ولد مختار کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی سکیورٹی گارڈ کی شناخت 45 سالہ امتیاز علی ولد محمد حنیف کے نام سے کی گئی.
سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد احمد ولد روشن کے نام سے جبکہ دوسرے گرفتار ڈاکو کی شناخت عظمت اللہ کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔