دشت میں لیویز فورس نے کنڈکٹر چوری کر نے والے چورکو گر فتار کر لیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان کے مطابق دشت کے علاقے سپیزنڈ ڈیگاری کراس کے قریب تین افراد زرعی فیڈر سے کنڈکٹر چوری کر رہے تھے جن میں سے ایک شخص کو لیویز کے اہلکاروں نیرنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ دیگر دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔جسکے بعد کیسکو سپیزنڈ سب ڈویژن کی مدعیت میں دشت لیویز تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادیاگیا ہے اور اسکے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ مذکورہ ملزم گزشتہ ایک سال سے دشت کے ملحقہ علاقوں میں بجلی کے کنڈکٹرز، کھمبے اوردیگر برقی آلات چوری کرکے فروخت کرتاتھا اور یہی چوری شدہ برقی آلات مختلف علاقوں میں غیر قانونی ٹرانسفارمرزاور دیگر کنکشنز کی تنصیب کیلئے استعمال ہوتاتھا۔ کیسکوترجمان نے کہاکہ دشت کے علاقے میں بجلی کے کنڈکٹرز،کھمبے اور دیگر برقی آلات چوری ہونے کے متعدد واقعات رونماہوچکے ہیں اور گزشتہ ایک سال میں دشت کے علاقے میں تقریباً ایک کروڑ روپے سے زائد برقی آلات چوری کر لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کنڈکٹرز اور برقی آلات چوری کرنے والے 2افراد گرفتار بھی کیئے جا چکے ہیں جن کی ایف آئی آر بھی دشت لیویز تھانہ میں درج کرائی گئی ہے۔ کیسکوترجمان نے تمام صارفین بالخصوص زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں غیر متعلقہ اشخاص پر نظررکھیں اور کیسکوکے تنصیبات اور برقی لائنوں پر کیسکوعملہ کے بغیر دیگر افرادکو کام کرنے سے سختی سے منع کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اطلاع متعلقہ سب ڈویڑن کے ایس ڈی او یا لائن سپرنٹنڈنٹ کو فوری طورپر دیں تاکہ مزید کسی نقصان یا زحمت سے بچاجاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے