خالی آسامیو ں پر میرٹ کے اصولوں کے مطابق بھرتی کا عمل شروع کیا جائے ، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان اعتماد کے ساتھ روزگار کے لئے درخواست دیں،خالی آسامیو ں پر میرٹ کے اصولوں کے مطابق بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو تمام محکموں میں خالی آسامیوں پر شفافیت کی بنیاد پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے نوجوان اعتماد کے ساتھ روزگار کے لئے درخواست دیں نوجوانوں کو انکی اہلیت اور صلاحیت کے مطابق میر ٹ پر نوکری دی جائے گی امیدوار کسی قسم کی شکایت کی صورت میں وزیراعلیٰ شکایت سیل سے رابطہ کریں انکی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام خالی آسامیاں مشتہر کریں، انہوں نے ہدایت کی کہ خالی آسامیو ں پر میرٹ کے اصولوں کے مطابق بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کو اہلیت کی بنیاد پر باعزت روزگار کی فراہمی بھی شامل ہے گزشتہ ڈیڑھ برس کی مدت میں مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔خالی آسامیوں کو قائم ریکورٹمنٹ کمیٹیوں کے زریعہ پر کیا جا رہا ہے۔لیویز،تعلیم،صحت اور دیگر محکموں کی خالی آسامیوں کو اخبارات کے زریعہ مشتہر کیا جار ہا ہے۔پولیس ایس اینڈ جی اے ڈی بورڈ آف ریونیو اور سب انجینئر ز سمیت دیگر آسامیوں پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے زریعہ بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔جس کا عوامی حلقوں خاص طور پرنوجوانوں کی جانب سے روزگار کی فراہمی کی حکومتی پالیسی کا خیر مقدم کیا گیا۔