انتخابی عمل خواتین کی شرکت کے بغیر نامکمل ہے، صوبائی الیکشن کمشنر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ اس وقت بلوچستان کے دو اضلاع کوئٹہ اور پشین میں خواتین کے شناختی کارڈ اور ووٹ اندراج کا مہم جاری ہے اور اب اس مہم کو بلوچستان کے مزید چھ اضلاع قلات، چاغی، نوشکی، خضدار، سبی اور واشک میں بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ووٹ اندراج کے ساتھ ساتھ خواتین میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان الیکشنز عبدالقیوم شنواری، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان ایڈمن طاہر منصور خان، ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن سید احسان اللہ شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم سی او الیکشن کمیشن غوث بخش، عدیل احمد اسسٹنٹ الیکشن کمیشن، سی پی ڈی کے سی ای او نصراللہ بڈیچ، یوتھ اورگینائیزیشن کے صدر حمید اللہ نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ واضع رہے کہ الیکشن کمیشن، نادرا، اور سیول سوسائٹی کے اشتراک سے کوئٹہ اور پشین میں اب تک اس مہم میں 9156 خواتین کے شناختی کا ڑد بنائے گئے اور انکا انتخابی فہرستوں میں اندراج کیا گیا ہے۔